27 جنوری ، 2012
پشاور … خیبرپختونخواکے وزیراطلاعات میاں افتخارحسین نے کہاہے کہ طالبان کے ساتھ امریکا کے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔ سابق ڈی آئی جی پولیس ملک سعد شہیدکی پانچویں برسی کے موقع پرملک سعد ٹرسٹ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر ملک میں حالات بگاڑنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان، افغانستان اور امریکا تینوں کے درمیان اعتماد کی بحالی سے حالات میں بہتری ممکن ہے صرف امریکا کے طالبان سے مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ان کا کہناتھا کہ عدم تشد د کا فلسفہ خدائی فلسفہ ہے، ملک سعد شہیدکے مشن کو زندہ رکھناہے تودہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انسانوں کو مارنے والے بزدل اوربچانے والے بہادرہوتے ہیں۔ تقریب سے صوبائی وزراء سید ظاہر علی شاہ، حاجی ہدایت اللہ کے علاوہ ملک سعد کے بھائی ملک اسد اورصاحبزادے ملک قاسم نے بھی خطاب کیا۔