07 نومبر ، 2015
لاہور....... لاہور میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوسرے روز ترکی اورچین کےپرائیویٹ سیکٹر اور پنجاب حکومت کےدرمیان158ایم او یوز پر دستخط کیے گئے،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین اور ترکی کی سرمایہ کاری سے ملک میں خوشحالی آئے گی ، ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔
پنجاب حکومت کے زیراہتمام عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے آخری روز انرجی، ٹرانسپورٹ، انفرااسٹرکچر،اورنج ٹرین اور میٹروبس سیکٹر میں سرمایہ کاری کےمعاہدےکیے گئے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں چین اور ترکی کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کےزیادہ تر منصوبےڈھائی سال میں مکمل ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ راہداری منصوبے سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے، صنعت کو ترقی دیئےاور روزگار کےمواقع پیدا کیےبغیر دہشت گردی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔