08 نومبر ، 2015
واشنگٹن........ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے ایک سابق مشیر امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں مردہ پائے گئے ہیں۔
واشنگٹن میں واقع روسی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو واشنگٹن کے علاقے ڈیوپونٹ سرکل کے ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہونے والی لاش 57 سالہ میخائل لیسن کی ہے۔لِیسن 1999 سے 2004 تک روس کے وزیرِ اطلاعات اور 2004 سے 2009 تک صدر پیوٹن کے مشیر برائے میڈیا رہ چکے ہیں۔
روس کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ میخائل لیسن کی موت بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔لیکن واشنگٹن ڈی سی کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل سے ملنے والے شخص کی موت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ پولیس نے مردہ شخص کی شناخت کی تصدیق کرنے سے بھی معذرت کی ہے۔
میڈیا کے مطابق مسی سپی سے منتخب ری پبلکن سینیٹر رابن وکِر نے گزشتہ سال امریکی حکام سے درخواست کی تھی کہ وہ میخائِل لیسن کے خلاف منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے الزامات میں تحقیقات کریں۔امریکی اٹارنی جنرل کو بھیجے جانے والے ایک خط میں سینیٹر وکِر نے کہا تھا کہ اپنے دورِ وزارت میں میخائل لِیسن نے یورپ اور امریکہ میں کئی ملین ڈالرز مالیت کے اثاثے بنائے تھے جس پر ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔