دنیا
08 نومبر ، 2015

داعش کے ٹھکانوں پر امریکی بمباری میں اضافے کا امکان

داعش کے ٹھکانوں پر امریکی بمباری میں اضافے کا امکان

واشنگٹن......... مشرقِ وسطی میں تعینات امریکی فوج کے ایک اعلی افسر نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتوں کے دوران شام اور عراق میں شدت پسند تنظیم داعش کے ٹھکانوں پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی فضائی حملوں میں اضافے کا امکان ہے۔

دبئی میں فضائی افواج کے سربراہان کی بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے امریکی ایئر فورس کے لیفٹننٹ جنرل چارلس براون نے کہا کہ ستمبر اور اکتوبر میں امریکی کارروائیوں میں کمی کی بڑی وجہ خراب موسم اور برسرِ زمین موجود داعش کے دستوں کی نقل و حرکت میں کمی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دو ماہ کے وقفے کے بعد اب ایک بار پھر شام اور عراق میں داعش کے جنگجووں کی بڑے پیمانے پر نقل و حرکت دیکھی جارہی ہے جس کے بعد امکان ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اتحادیوں کے فضائی حملوں میں شدت آجائے گی۔

جنرل براون نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ روس کی جانب سے فضائی حملوں کے آغاز کے بعد سے شام میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی فضائی کارروائیوں میں کمی آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شام میں فضائی کارروائیوں کے دوران کسی ممکنہ تصادم کو روکنے کیلیے امریکہ اور روس کے درمیان گزشتہ ماہ طے پانے والے معاہدہ امریکی کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن رہا، اتحادیوں کو جب اور جہاں بھی کسی ہدف کو نشانہ بنانے کی ضرورت ہوتی ہے وہ کارروائی کرتے ہیں ۔

مزید خبریں :