08 نومبر ، 2015
مکہ مکرمہ......... سعودی عرب میں خانہ کعبہ کے غسل کی روح پرور تقریبٗ میں 45 لٹر معطر آب زم زم استعمال کیا گیا ، بیت اللہ شریف کو غسل خادم الحرمین الشریفین کی نیابت میں گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے دیا۔
خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی نیابت کے فرائض انجامد دیتے ہوئے مکہ ریجن کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے اتوار کے روز خانہ کعبہ کو غسل دیا۔
کعبہ کے متولی خاندان کے سربراہ شیخ صالح بن زین العابدین الشیبی نے بتایا کہ خانہ کعبہ کو 45 لیٹر معطر زم زم کے پانی سے غسل دیا گیا۔ غسل دینے کی یہ تقریب نماز فجر کے بعد ادا کی جاتی ہے۔الشیبی نے کہاکہ کعبہ کو مکمل غسل دینے کا عمل دو گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواریں تین میٹر بلند اس کی چھت کی اندرونی سطح سبز ریشمی کپڑے سے ڈھکی ہوئی ہے۔الشیخ الشیبی نے مزید کہاکہ اتوار ہی کے روز مقام حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بھی غسل دیا گیا۔ اس جگہ پر حضرت ابراہیم کے قدموں کے وہ نشان محفوظ ہیں جب وہ کعبہ کی تعمیر کر رہے تھے مقام ابراہیم کو بھی زم زم کے خوشبو ملے پانی سے غسل دیا جاتا ہے۔