24 مئی ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے سیاسی جماعت کے 2کارکنوں سمیت 6 افراد کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن کے علاقے 14 نمبر میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے نوجوان واجد کو گولیوں کانشانہ بنایا۔بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ میں بھی مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2زخمی ہو ئے جن میں سے ایک سیاسی جماعت کا کارکن افسر خان اسپتال میں چل بسا۔ جس پر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا۔ الیاس گوٹھ میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے اور لیاقت آباد کے علاقے سی ون ایریا میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق تین ہٹی کے قریب نامعلوم افراد نے 2 نوجوانوں پر فائرنگ جس پر دونوں نوجوان کراچی سے حیدرآباد جانے والی مسافر بس میں سوا ر ہوگئے۔ ملزموں نے تعاقب کیا اوربس میں سوارہوکر انہیں گولی ماردی، واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔