دنیا
09 نومبر ، 2015

ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات 15سال میں سامنے آجائیں گے

ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات 15سال میں سامنے آجائیں گے

واشنگٹن.........ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات آئندہ 15سال کے دوران مزید 10کروڑ افراد کو انتہائی غربت کے خط سے نیچے لے جاسکتے ہیں۔ یہ بات عالمی بینک کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات بعض علاقوں میں کم بارشوں سے زرعی پیداوار میں کمی ، شدید موسمی حالات کے زراعت پر اثرات کے نتیجہ میں غذائی اشیاءکی قیمتوں میں اضافے اور گرمی کی شدت میں اضافے اور سیلابوں سے بیماریوں کے پھیلاو کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں۔

یہ صورتحال غربت اور افلاس میں کمی کیلئے اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں پر پانی پھیر سکتی ہے ۔رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات پر قابو پانے کی کوشش نہ کی گئی تو ان تبدیلیوں کے زیر اثر 2030ءتک دنیا بھر میں زرعی پیداوار میں 5فیصد تک جبکہ 2080تک 30فیصد تک کمی ہوسکتی ہے چونکہ غریب افراد کی بڑی تعداد زرعی شعبہ سے ہی وابستہ ہے۔

اس لئے زرعی شعبہ کے متاثر ہونے سے اس شعبہ سے وابستہ افرادکی بڑی تعداد ایک بار پھر خط غربت سے نیچے چلی جائیگی۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجہ میں ملیریا ، پیچش جیسی بیماریاں بھی تیزی سے پھیل رہی ہیں ۔ افریقہ جہاں غریب افراد کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے میں 2030ءتک غذائی اشیاءکی قیمتوں میں 12فیصد اور 2080ءتک 70فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ان علاقوں میں غریب طبقہ اپنی آمدنی کا تقریباً60فیصد غذائی اشیاءکی خریداری پر خرچ کرتا ہے۔

مزید خبریں :