09 نومبر ، 2015
ممبئی......بھارتی کرکٹ بورڈ کےسابق سربراہ سری نواسن کی آئی سی سی کی چیئرمین شپ سے بھی چھٹی ہو گئی،ان کی جگہ ششانک منوہر کو عالمی تنظیم کاچیئرمین نامزد کر دیا ہے۔
سری نواسن کی ٹیم چنئی سپر کنگز کوآئی پی ایل سے باہر کر دیا گیا،پھر بی سی سی آئی کے دروازے بھی سری نواسن پر بند کر دیئے گئے،اب سری نواسن کی آئی سی سی سے بھی چھٹی کا فیصلہ سنا دیا گیا،یہ سب کچھ ہو رہا ہے بگ تھری کے ذریعے عالمی کرکٹ پر حکمرانی قائم کرنے والے بھارتی بورڈ کےسابق سربراہ کے ساتھ۔
شاید سری نواسن کو اس حال میں پہنچانے کا ذمہ دارکوئی اور نہیں اُنہی کا داماد گروناتھ میاپن ہے، ممبئی میں ہونے والے بی سی سی آئی کے86 ویں جنرل اجلاس میں اُن کو آئی سی سی کی چیئرمین شپ سے محروم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ان کی جگہ ششانک منوہر کو چیئرمین نامزد کیا گیاہے،جوآئندہ سال جون کے آخرتک ذمہ داریاں سنبھالیں گے، اورتواوراُن کی عدم موجودگی میں شردپوارآئی سی سی میٹنگزاٹینڈ کریں گے۔اسے کہتے ہیں گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے۔