18 نومبر ، 2015
پیرس......پیرس پر حملہ کرنے والے 8نہیں،9 دہشت گرد تھے۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں نویں دہشت گرد کا انکشاف ہوا۔ فرانس کو مطلوب دہشت گردوں کی تعداد 2ہوگئی ہے۔روس نے شام میں مزید بمبار بھیجنے کا اعلان کردیا۔پیرس حملوں کے بعد شام میں داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے روس اور فرانس نے ہاتھ ملالیا۔
روسی صدر پوٹن کا کہنا ہے فرانسیسی بحری بیڑہ بحیرہ روم میں موجود روسی بحریہ کے ساتھ مل کر شام میں حملے کرے گا،یورپی یونین نے بھی فرانس کو دہشت گردی کے خلاف مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔اُدھر فرانسیسی طیاروں نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر تیسرے روز بھی شدید بمباری کی ۔ حکام کا کہنا ہے جیٹ طیاروں نے شمالی شہر رقہ میں داعش کے مزید ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
فرانسیسی حکام نے پیرس حملوں کی تحقیقات میں پیش رفت کا دعوی ٰکیا ہے ۔ سی سی ٹی وی ویڈیو کا جائزہ لینے سے یہ بات سامنے آئی کہ پیرس میں حملہ کرنے والے 8نہیں، 9تھے۔ نویں حملہ آور کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔ یوں فرانس کو مطلوب دہشتگردوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے پولیس نے ایک مبینہ حملہ آور سے متعلق معلومات جاننے کے لیے اپیل کی تھی۔پہلے اس حملہ آور کو شام کے احمد المحمد کے نام سے شناخت کیا گیا تھا لیکن اسٹیڈیم کے قریب سے ملنے والا پاسپورٹ جعلی ثابت ہوا جس کے بعد پولیس نے مبینہ حملہ آور کی تصویر جاری کی۔
فرانسیسی دارالحکومت کے شمالی علاقے میں چند دنوں سے کھڑی مشکوک گاڑی کی تلاشی لی گئی اور ہتھیار برآمد کرلیے۔ پولیس کے مطابق گاڑی بیلجیم میں رجسٹرڈ ہے اور خدشہ ہے کہ دہشتگردوں کے استعمال میں رہی ہو۔فرانسیسی میڈیا نے صالح عبدالسلام اور دیگر دہشت گردوں کے زیر استعمال ہوٹل کے ایک کمرے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔
دوسری جانب جرمنی میں سیکورٹی خدشات کے باعث جرمنی اور نیدرلینڈز کا دوستانہ میچ منسوخ کردیا گیا۔ جرمن چانسلر اینجلا مرکل اور ان کی کابینہ کو یہ میچ دیکھنے ہنوور آناتھا۔