19 نومبر ، 2015
کراچی......سندھ اور پنجاب میں کہیں کہیں بلدیاتی انتخابی دنگل کے دوران ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔ پولنگ کے دوران مختلف شہروں میں حریفوں کے درمیان گرماگرمی دیکھی گئی۔
سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران کہیں حریفوں کے درمیان گرماگرمی ہوئی،تو کہیں تکرار۔
چنیوٹ میں وارڈ 15پرپولنگ اسٹیشن کےباہر2گروپوں میں تصادم ہوا۔ آزاد امیدوارمقبول انصاری کےحامیوں نے ہوائی فائرنگ کی۔
شیخوپورہ کے علاقے فیض پور میں پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی میں دوافرادزخمی ہوگئے،خانیوال میں وارڈ نمبر 12کےپولنگ اسٹیشن نمبر12 میں خاتون ووٹر نے امیدوار کے حامی کو دکھا دکھا کر ووٹ کاسٹ کیا،جس پر امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا ہو گیا۔
خانیوال ہی میں یوسی 25 پولنگ اسٹیشن 5 میں آزاد امیدوارحمادرضا کی عزیزہ نےپریزائڈنگ آفیسر کو تھپڑدے مارا۔ گوجرانوالہ میں مخالف جماعتوں میں تصادم سے ایک کارکن کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔
منڈی بہاء الدین کی یونین کونسل 16 میں پولیس نے انتخابی امیدوار کومبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ساہیوال میں یونین کونسل 9میں پولنگ اسٹیشن میں گھسنےکی کوشش پر پولیس اہلکار نےشہری پرتھپڑوں کی بارش کر دی، جبکہ یوسی نمبر10میں ن لیگ اورپی ٹی آئی کےحامیوں میں لڑائی میں تین افرادزخمی ہو گئے۔
چیچہ وطنی یوسی 88 میں جنرل کونسل کےآزاد امیدوار رانا نسیم مخالفین کی فائرنگ میں زخمی ہو گئے۔ دادو یو سی پپری کےپولنگ اسٹیشن گل محمدمگسی میں سیاسی کارکن جھگڑ پڑے،جس کے باعث 4 افراد زخمی ہو گئے۔حیدرآباد یو سی 8اور 53میں امیدواروں کا نشان غلط چھپنے پرووٹروں کے احتجاج کے بعد انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔