22 نومبر ، 2015
ڈھاکا....... بنگلادیش پریمیئر لیگ کا تیسرا ایڈیشن آج سے شروع ہورہا ہے، ابتدائی روز دو میچز کھیلے جائیں گے،پاکستان کے مصباح الحق، کامران اکمل، ناصر جمشید اور سہیل خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر تمام میچز براہ راست نشر کرے گا۔
کل ڈھاکا میںبی پی ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی ،اب میچوں کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا۔پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا جس میں رنگپور رائیڈرز اور چٹا گانگ وکنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
رنگپور رائیڈرز کی جانب سے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی کھیلیں گے، اُن کی حریف ٹیم میں تین پاکستانی کامران اکمل، محمد عامر اور اسٹار آف اسپنر سعید اجمل شامل ہیں۔دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجکر پنتالیس منٹ پر کومیلا وکٹورینز اور ڈھاکا ڈائنامائٹس کے درمیان ہوگا۔
کومیلا وکٹورینز کے اسکواڈمیں احمد شہزاد اور شعیب ملک شامل تو ہیں لیکن انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سبب وہ ابھی اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں، ڈھاکا ڈائنامائٹس میں ناصر جمشید، سہیل خان اور شاہ زیب حسن کو جگہ ملی ہے، ویسے تو اس ٹیم میں محمد عرفان اور یاسر شاہ بھی ہیں لیکن وہ بھی تیس نومبر کے بعد بی پی ایل جوائن کریں گے۔