26 نومبر ، 2015
اسلام آباد .....ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بنگلا دیش میں بڑھتی ہوئی پھانسیوں پر تشویش ہے، احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ، طیارہ گرائے جانے پر روس اور ترکی کا تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیئے ۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ترکی کی جانب سے روس کا طیارہ مار گرائے جانے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر خان سجناکی ہلاکت کا علم نہیں۔
ان کا کہناتھا کہ بنگلا دیش میں اپوزیشن رہ نماؤں کی بڑھتی ہوئی پھانسیوں پر پاکستان کو سخت تشویش ہے ، پاکستان نے بنگلا دیش کی طرف سے ہمارے ہائی کمشنر کو دیے جانے والے احتجاجی مراسلے اور بنگلا دیشی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کو نوٹ کیا ہے، جن میں کئی نقاط ایسے ہیں جن کا جواب ہم بنگلا دیشی سفیر کو بلا کر دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرانس میں دہشتگردی کے بعد مسلمانوں کیخلاف کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے،یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ فرانس میں دہشتگرد حملوں کے بعد مسلمانوں کیخلاف نفرت بھرے جرائم میں اضافہ ہوا ہے، اسلام بھائی چارے اور امن کا مذہب ہے، کسی بھی دہشتگردی کے واقعے کو اسلام کے ساتھ نتھی کیا جانا بھی مناسب نہیں۔