26 مئی ، 2012
لاہور… پیپلزپارٹی کے سینئررہ نما سینیٹر اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی سزا کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ پیپلزپارٹی نے اس لئے کیاہے کیونکہ ایک خدشہ اور سوچ یہ ہے کہ اپیل کرنے سے نقصان ہوسکتاہے، اسپیکر کی رولنگ کے بعد الیکشن کمیشن کا دروازہ بند ہوگیا ہے، آئین اور قانون کے مطابق وزیراعظم نااہل نہیں ہوئے۔ لاہورمیں اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مشاورت کے بعد اپیل دائر نہ کرنے متفقہ فیصلہ کیا ہے،انہوں نے اپیل تیار کررکھی تھی جس میں 146 اعتراضات تھے، مختصرفیصلے کو وہ تسلیم نہیں کرتے،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو سزا بغیروجوہات بتائے دی گئی، اسپیکر کا فیصلہ درست ہے،1962 کے آئین میں اسپیکر کی حیثیت ڈاک خانہ کی تھی مگراب آئین کے تحت ایسا نہیں ہے، وزیراعظم کے خلاف توہینِ عدالت کا چارج ہے،تضحیکِ عدالت کا نہیں ،ان کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنیکی میعاد 7 جون تک ہے،وزیراعظم کو جو مشورے دیئے ہیں، وہ کسی کو نہیں بتاسکتا، اعتزاز احسن نے کہا کہ وکلا تحریک کا اصل مقصد چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی بحالی تھی، چیف جسٹس نے انکار نہ کیا ہوتا تو آج زرداری صدر اور گیلانی وزیراعظم نہ ہوتے۔