26 مئی ، 2012
اسلام آباد … مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے خود مشرقی پاکستان کو بنگلادیش بنایا، ہم نے بلوچستان کے عوام سے برا سلوک کرکے انہیں باغی بنادیا، بلوچستان کے لوگ باغی بنے ہیں تو ہمیں گلہ نہیں کرنا چاہئے، ہمیں اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرنا چاہئے، پاکستانی شہریوں کو لاپتہ کرنے والے کون لوگ ہیں جنہیں آئین اور قانون کا کوئی احترام نہیں، پاکستان اس وقت سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے، معیشت بھی خراب ہے، پرویز مشرف کا دور سب سے بدترین دور تھا، اکبر بگٹی کو بیدردی سے قتل کرنے والے کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار کے تحت بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے بلائی گئی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا، ملک سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے، معیشت بھی خراب ہے، ایسی باتیں نہ کی جائیں، لوگ پرویز مشرف کو یاد کرنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا دور سب سے بدترین تھا، اس دور میں سب خسارے میں رہے اور بھارت کے ساتھ جنگیں ہوئیں، ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار پرویز مشرف ہے۔ صدر مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ کیا آج تک کسی نے ڈکٹیٹروں سے حساب مانگا، نواب اکبر بگٹی کی لاش کی بیحرمتی کی گئی، ان کے جنازے میں گھر کے فرد کو بھی شرکت کی اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگ باغی بنے ہیں تو ہمیں گلہ نہیں کرنا چاہئے، ہم نے بلوچستان کے عوام سے برا سلوک کرکے انہیں باغی بنادیا، اگر ہم کسی کے ساتھ ایسا سلوک کریں تو خود اسے بغاوت کی طرف دھکیلتے ہیں، ہم نے خود مشرقی پاکستان کو بنگلادیش بنایا، ہمیں اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرنا چاہئے۔ نواز شریف نے کہا کہ یہ تماشا کب تک چلتا رہے گا، اب لوگوں نے باہر نکلنا سیکھا ہے، وزیراعظم سے کہا تھا کہ اے پی سی میں بلوچستان کی نمائندگی بھی ہونا چاہئے، بلوچستان پیکج دینے سے پہلے وزیراعظم نے مجھے بلایا اور بتایا، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے ساتھ چلیں گے، عوام کے حق حکمرانی کو دل سے تسلیم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی میں جرأت ہے کہ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائے۔