03 دسمبر ، 2015
لاہور.......فاسٹ بولر محمدعامر پابندی ختم ہونے کے بعد نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ میں بلکہ بنگلادیش پریمیئر لیگ میں بھی عمدہ پرفارمنس دکھارہے ہیں، سزا کاٹنے کے بعد کھیل کے میدان میں واپسی پر اُن کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔
اس سال دوستمبر سے محمد عامر پر اسٹیڈیم کے گیٹ پھر سے کھل گئے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں اُنہو ںنے شاندار کم بیک کیا اور بہترین ردھم کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے4میچوں میں 16وکٹیں حاصل کیں۔
اُنہوں نے اسی شاندار کارکردگی کا صلہ پایا بنگلادیش پریمیئر لیگ میں معاہدے کی صورت میں۔بی پی ایل کے پہلے ہی میچ میں اُنہوں نے دھماکے دار انٹری دی اور حریف ٹیم کے چار بیٹسمین ٹھکانے لگادیئے۔
دوسرے میچ میں اُنہوں نے وکٹ تو کوئی نہیں لی لیکن اپنی کفایتی بولنگ سے ٹیم کو میچ جتوادیا، چار اوورز میں صرف 19 رنز۔
محمد عامر جمعرات کے میچ سے قبل تک بنگلادیش پریمیئر لیگ میں مجموعی طور پر 7میچز کھیل کر 9 وکٹیں 137رنز کے عوض حاصل کرچکے ہیں جس میں ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کی وکٹیں بھی شامل ہیں۔