پاکستان
10 دسمبر ، 2015

سندھ اسمبلی کا اجلاس،رینجرز اختیارات کا معاملہ اٹھایا جائے گا

 سندھ اسمبلی   کا اجلاس،رینجرز اختیارات کا معاملہ اٹھایا جائے گا

کراچی........رینجرز کو ملے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہو چکی۔ چار روز سے کراچی آپریشن کی بڑی کارروائی بھی تعطل کا شکار لیکن معاملہ ہے کہ جوں کا توں ہی ہے۔ سندھ اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں بھی رینجرز اختیارات کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

وزیر اعلی سندھ کاکہناہے کہ رینجرز سے متعلق معاملہ جلد حل کرلیا جائیگا،جبکہ اپوزیشن لیڈر کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے رینجرز اختیارات سے متعلق کوئی مسودہ نہیں بھجوایا گیا ہے۔

آج سندھ اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کی توثیق کی قرار داد ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہے۔ جس کو بارہویں نمبر پر رکھا گیا ہے ،تاہم اختیارات کے حوالے سے اس قرارداد میں کچھ بھی واضح نہیں۔ سندھ حکومت رینجرز کے قیام میں ایک سال کی توسیع کر چکی ہے۔ آرٹیکل ایک سو سینتالیس کے تحت اس کی صوبائی ایوان سے توثیق کروائی جائے گی۔ آج ہونے والے اجلاس سے قبل سندھ اسمبلی کے باہر حکومتی اراکین اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے رینجرز کے اختیارات سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم رہنماء خواجہ اظہار الحسن ،سید سردار احمد اور عبدالحسیب نے اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم سے حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کورینجرز کے اختیارات سے متعلق قرارداد کامسودہ بھجوایا گیا ہے،ایم کیوایم کو کراچی آپریشن پر تحفظات نہیں ،کارکنان کے لاپتہ ہونے پر تحفظات ہیں۔

ایوان کی کارروائی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم فنکشنل، مسلم لیگ نواز اور پی ٹی آئی نے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ سے متعلق مشترکہ قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے ،دوسری جانب حسنین مرزا نے بھی رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حق میں بات کی۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف افواج پاکستان کی توہین نہیں ہونے دیگی اور رینجرز کے اختیارات پر ضرور بات کی جائیگی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے چیمبر میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمانی لیڈر نثار کھوڑو کی زیرصدارت ہوااجلاس میں سندھ اسمبلی کے اجلاس سے متعلق حمکت عملی پر غور کیا گیا ۔

مزید خبریں :