14 دسمبر ، 2015
نئی دہلی..........پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام حل طلب امور پر بات چیت کریں گے ، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نےایوان بالا میں دو طرفہ تعلقات پر بریفنگ دی تو ایوان احتجاجی نعروں سے گونجتا رہا۔
راجیا سبھا میں جوں ہی سشما سوراج نے پاک بھارت تعلقات اور دورہ پاکستان پر پالیسی بیان شروع کیا۔اپوزیشن ارکان نے زور و شور سے نعرے لگانے شروع کردیے ۔ چئیرمین کی نشست کے گرد جمع ارکان نے ایسا غل مچایا کہ کان پڑی آواز سنائی نہیں دی مگر ہیڈفون لگائے چئیرمین نے بھی نعروں پر کان نہ دھرا اوراور سشما سوراج نے بھی خطاب جاری رکھا۔
بھارتی وزیرخارجہ نے ایوان بالا کو بتایا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر، امن و سلامتی سمیت تمام حل طلب معاملات پر بات کریں گے ،پاکستان سے ممبئی حملوں کی تحقیقات کا معاملہ اٹھایا ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق سشما سوراج نے نریندر مودی کے آیندہ سال دورہ پاکستان کی بھی تصدیق کی ۔ کانگریس ارکان نے پاکستان سے مذاکرات اور خفیہ انداز میں شروع کرنے پر احتجاج کیا ۔ سشما سوراج آج لوک سبھا میں بھی پاک بھارت تعلقات پر بریفنگ دیں گی ۔