پاکستان
15 دسمبر ، 2015

کرپشن چھپانے کیلئے پی پی رینجرز کو ہٹانا چاہتی ہے،عمران خان

کرپشن چھپانے کیلئے پی پی رینجرز کو ہٹانا چاہتی ہے،عمران خان

لودھراں......پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے رینجرز کو کراچی سے ہٹانا چاہتی ہے، تحریک انصاف اقتدارمیں آئےگی توکرپٹ عناصر کااحتساب کرےگی۔

لودھراں میں این اے 154 کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں جوہواوہ سب جانتے ہیں، حکومت مخالف الیکشن لڑنا مشکل کام ہے، 23 دسمبر کو نوجوان این اے 154 کے انتخاب میں دھاندلی نہ ہونے دیں، تبدیلی کا انقلاب 23دسمبرکوآگے بڑھے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام تحفظ چا ہتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی سے رینجرز کو نہیں جانا چاہیے لیکن پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم اس کی مخالفت کررہی ہیں۔

کراچی کے لوگ کہتےہیں رینجرز کونہیں جانا چاہیے، پی پی اورایم کیوایم کہتی ہیں رینجرز نہیں چاہیے، کراچی کے عوام تحفظ چاہتی ہے،وہاں پولیس سیاسی ہوگئی ہے،ایک طرف ایم کیوایم اورایک طرف پی پی دونوں شورمچارہی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اورسندھ میں اختیارات نچلی سطح میں منتقل نہیں کیے جارہے، تحریک انصاف سندھ اور پنجاب میں اختیارات کی جنگ لڑے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی کی پنجاب میں احتساب نہ ہونے کی بات درست ہے۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو خوف ہے کہ ان کے خلاف کرپشن کے کیس سامنے آنے والے ہیں،اسی لیے پیپلزپارٹی رینجرز کو کراچی سے ہٹانا چاہتی ہے۔

لودھراں میں میڈیا سےبات چیت میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک انڈیا کرکٹ سیریز ہونےسے سرحد کے دونوں طرف تناؤ کم ہوگا۔

مزید خبریں :