16 دسمبر ، 2015
پشاور ......شہدائے پشاور نے اپنے لہو سے علم کی شمع روشن کی،سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو ایک سال بیت گیا۔شہدا سے عزم وفا دہرانے کےلیے اے پی ایس پشاور میں تقریب ہوئی۔ شہدا کے اہل خانہ، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت شریک ہوئی۔
اے پی ایس میں جنہیں کل دہشت گردوں نے مٹانا چاہا، وہ شہید آج بھی زندہ و تابندہ ہیں۔ شہدا کی عظمت کا اعتراف آج اسی اسکول میں منعقد ہونے والی تقریب ہے۔ شہدا کی تصویر یں اٹھائے جب ان کے گھر والے اسکول میں آئے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خود استقبال کیا، احترام میں وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام مجمع بھی کھڑا رہا۔
تلاوت قرآن سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا ،پھر روایات کے مطابق قومی ترانہ پیش کیا گیا ،افتتاحی خطاب کا اعزاز اے پی ایس کے ایک طالب علم کو ملا، جس نے اپنے ساتھیوں کے بلند جذبات کی ترجمانی کی،شہدا کے ساتھی طلبہ وطالبات نے وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی کی دعا پر مبنی نظم پیش کی ۔
اے پی ایس کے شہید اساتذہ عملے اور اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے ان کے اہل خانہ میں اعزازی میڈل اور اسناد دی گئیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل راشد محمود نے پہلااعزاز شہید پرنسل طاہرہ قاضی کے اہل خانہ کو پیش کیا۔
ایک ایک کرکے تمام شہید طالب علم کے والدین کو بلایا گیا۔ چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اعزازات تقسیم کیے۔
اسکول میں یاد گاربھی تعمیر کی گئی ہے جس پر تمام شہیدوں کے نام درج ہیں۔ اسی یادگار کے سامنے کھڑے وزیراعظم نوازشریف نے بچوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لینے کا عہد کیا۔اے پی ایس کو یونی ورسٹی بنانے اور 16دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے دن کے طور منانے کا اعلان بھی کیا گیا۔ تقریب کا اختتام بچوں کی عزم و ہمت کی علامت بننے والے نغمہ پر کیا گیا۔