16 دسمبر ، 2015
نیویارک......انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشے رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین اور بچیوں کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلی سطح کے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے بتائی۔ انوشے رحمان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کا پھیلاؤ بھی حکومت پاکستان کی ترجیح ہے، پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق عالمی ایجنڈے پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی اقتصادی ترقی کے ساتھ لوگوں اور معاشروں میں تبدیلی لانے کا حقیقی محرک ہے ،پاکستانی حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو سمجھتی ہے۔
وزیر مملکت انوشے رحمان کا مزید کہنا تھا کہ استعداد میں اضافے ، شفافیت، بہتر نظم و نسق اور لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی ایک کلیدی عنصر ہے۔