16 دسمبر ، 2015
اسلام آباد......اسلام آباد کے فیصل مسجد چوک میں آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی پہلی برسی پر شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر چوک کو شہید بچوں کے بینرز اور پوسٹرز سے بھی سجایا گیا۔
قطار در قطار روشن شمعوں کی یہ انجمن بزم وطن کے ان چراغوں کے لئے ہے جو طاق زمانہ پہ ابھی پوری طرح روشن بھی نہ ہوئے تھے کہ گل کر دیے گئے۔ اندھیاروں کے سیاہ کار خداؤں نے نازک دیوں کے پرنور شعلے بے وقت بجھا دیے۔
ان غنچوں کے بدن مسل دیے جو پوری طرح کھل بھی نہ پائے تھے، ان پھولوں سے مہک چھین لی جو زیست کی ڈالی پہ جھومنا چاہتے تھے۔ یہ شمعیں ان محبوب قدموں کیلئے ہیں، جن کی چاپ اب نہیں سنائی دیتی۔
چراغ آبدیدہ تو پنکھڑیاں ماتم کناں ہیں، ان ماؤں کیلئے جن کی دنیا اجڑ گئی، ان نغموں کے لئے جن کے ساز تھم گئے، ان تصویروں کیلئے جو صرف چشم تصور میں باقی رہ گئیں ہیں، ان مسکراہٹوں کے لئے جو امر ہو گئیں، ان سنگتوں کے لئے جو قصہ پارینہ ہو چکی۔
لاہورکے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام شہدائے پشاور کی یادیں تازہ کرنے کیلئے شمعیں روشن کی جارہی ہیں۔
کوئٹہ کےنواحی علاقے بلیلی میں ایف سی کےزیراہتمام سانحہ اے پی ایس پشاور کی برسی کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیاگیا ہے۔