21 دسمبر ، 2015
اسلام آباد.......وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کی جڑیں آمریت سے ملتی ہیں ،کسی کو بچوں اور بچیوں کو اسکول جانے سے روکنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو تعمیر کے ذریعے ترقی دینی ہے،آج کا پاکستان قائد اعظم کے خوابوں کے نزدیک تر ہے، آج کسی کو تعلیم سے روکنے اور عبادت گاہ پر حملے کی اجازت نہیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا، دہشت گردی ختم ہورہی ہے، عمران خان بھی آج مانتےہیں کہ دہشت گردی کےخاتمےکاکریڈٹ نوازشریف کاہے، 1999میں لوگ دہشت گردی کے لفظ سے بھی ناآشنا تھے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک کراچی میں لوگ دن میں بھی باہرنکلتےوقت خوف کا شکار تھے،بھتا خوری، ٹارگٹ کلنگ اوردیگرجرائم کم ہوچکےہیں،اب رات میں بھی لوگ باہرنکلتےہیں ۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نوازشریف کےبغیرنہ سڑکیں بنتی ہیں نہ لوڈشیڈنگ ختم کرنےکےاقدامات کیےجاتےہیں ۔