22 دسمبر ، 2015
کراچی ......پیمرا اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔
پی بی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر اور پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کی ملاقات پی بی اے سیکریٹریٹ کراچی میں ہوئی۔ چیئرمین پیمرا نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش اہم معاملات سے آگاہ کیے جانے پر پی بی اے کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ملک میں میڈیا کی آزادی، ذمے داری اور اس کی ترقی کے لیے پیمرا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
پی بی اے نے چیئرمین پیمرا کو یقین دلایا کہ وہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے پیمرا کے اقدامات میں مکمل تعاون کریں گے اور آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت میڈیا کو دیے گئے حقوق کے ذمے دارانہ استعمال کو بھی یقینی بنائیں گے۔