پاکستان
29 دسمبر ، 2015

گذشتہ روزچھنی گئی جیو نیوز کی وین کو بھیم پورہ میں آگ لگادی گئی

گذشتہ روزچھنی گئی جیو نیوز کی وین کو بھیم پورہ میں آگ لگادی گئی

کراچی......کراچی کے علاقے سمن آباد میں گزشتہ روز چھینی گئی جیو نیوز کی وین کو نامعلوم افراد نےبھیم پورہ میں آگ لگادی، وین کےکیو 1584 مکمل طور پر جل چکی ہے۔

ایس ایس پی سٹی فدا حسین کا دعویٰ ہے کہ ملزمان گاڑی کو اسٹارٹ چھوڑ کر فرار ہوئے،7سے 8گھنٹے اسٹارٹ رہنے کی وجہ سے گاڑی سے دھواں نکلنا شروع ہوا اور اس میں آگ لگ گئی۔

ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ فارنزک ٹیم کو آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے، جو وین میں آگ لگنے کی وجہ کا تعین کریں گے، گاڑی کے انجن اور چیسس نمبر کی تصدیق بھی فارنزک ٹیم کی آمد کے بعد ہوگی۔

جیو نیوز کی وین گذشتہ صبح اس وقت چھینی گئی تھی جب اسٹاف کو دفتر لانے کیلئے سمن آباد پہنچی، مسلح ملزمان وین چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق دو ملزمان نے وین کے ڈرائیور کو اسلحے کے زور پر گاڑی کی پچھلی سیٹ پر لیٹایا اور اسلحے کے زورپر ولیکا اسپتال کے قریب پھینک دیااور اس سے موبائل فون اور نقدی بھی چھین لی۔ واقعے کا مقدمہ ڈکیتی کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ سمن آباد میں درج کیاگیا تھا۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اور ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کوتحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ایڈشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے وین کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈی آئی جی سی آئی اے عبداللہ شیخ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر اور ایس ایس پی عرفان بہادر شامل ہیں۔

مزید خبریں :