پاکستان
01 جنوری ، 2016

2015ء کے دوران پاک فوج کئی محاذوں پر سرگرم رہی

2015ء کے دوران پاک فوج کئی محاذوں پر سرگرم رہی

راولپنڈی.....2015ء کے دوران پاک فوج کئی محاذوں پر سرگرم رہی۔ آپریشن ضرب عضب بھرپور طریقے سے آگے بڑھایا گیا اور کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

2015ء میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب پوری توانائی سے کیا گیا۔ اس دوران شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی کمیں گاہوں اور اسلحے کے ذخیروں کو تباہ کر کے ساڑھے تین ہزار دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جن میں غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل تھے۔

جنرل راحیل شریف کئی مرتبہ فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے شمالی وزیرستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے فاٹا کے دیگر علاقوں، لائن آف کنٹرول اور سیاچن بھی گئے۔

سیکیورٹی ذرئع کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے بعد ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں 75فی صد کمی آ چکی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے مختلف ملکوں کے دورے بھی کیے، دہشت گردی کے خلاف آرمی چیف کے اقدامات آرمی چیف کو سراہتے ہوئے امریکا، برازیل اور سعودی عرب کی حکومتوں نے انہیں اپنے قومی اعزازات سے نوازا۔

جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں مفاہمتی عمل کے لیے بھی مخلصانہ کوششیں کیں، جبکہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیا۔

دہشت گردی کے خلاف حکومت اور پاک فوج نے نیشنل ایکشن پلان بنایا جس کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجے گئے۔

کراچی آپریشن کے بعد شہر کے جرائم میں کمی ہوئی، جبکہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں پچاس فی صد کمی
آئی۔

پاک چین اقتصادی راہ داری اور اس پر کام کرنے والے چینی ورکرز کے تحفظ کے لیے جنرل راحیل شریف نے ایک ڈویژن پاک فوج تعینات کی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے پاکستانی عوام میں قومی جذبہ ابھارنے کی بھرپور کوشش کی اور 8سال بعد مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ بھی منعقد ہوئی۔

مزید خبریں :