03 جنوری ، 2016
کراچی......ڈرگ روڈ پر ریلوے ٹریک کی مرمت کاکام گزشتہ رات سے جاری ہے جبکہ شارع فیصل کا ایک ٹریک بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل کا شہر سے ایئر پورٹ کی جانب جانے والا ٹریک مرمتی کام کی وجہ سے ڈرگ روڈ کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے۔ جسے مکمل مرمت کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
ٹریک بند ہونے کی وجہ سے ڈرگ روڈ، ناتھا خان، اسٹار گیٹ اور ملیر 15 پر بد ترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ مرمتی کام کے لیے ٹریک کو مختصر نوٹس پر بند کیا گیا۔ ٹریفک پولیس شہریوں کو مشکلات سے نکالنے کے بجائے شارع فیصل سے غائب رہی ۔
ڈرگ روڈ کے قریب گلستان جوہر سے آنے والے لنک روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیے جانے کے بعد شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی ۔