دنیا
30 مئی ، 2012

ڈنمارک میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،دو صومالی نژاد بھائی گرفتار

کوپن ہیگن……ڈنمارک کی انٹیلی جنس پولیس نے ایک دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے شبے میں دو صومالی نژاد بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ اِس گرفتاری کے ذریعے انہوں نے ایک ممکنہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈنمارک کی انٹیلی جنس پولیس پی ای ٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے خیال میں گزشتہ روز ڈنمارک کے دو صومالی نژاد باشندوں کی گرفتاری کے ذریعے انہوں نے کسی ممکنہ دہشت گرد حملے کو روک دیا ہے۔دونوں گرفتار شدہ افراد ممکنہ طور پر کسی دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے لیے اس عمل سے جڑے طریقہ کار، اہداف اور اسلحے کے استعمال سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔ ڈنمارک کی انٹیلی جنس پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زیر حراست ملزمان میں سے ایک مبینہ طور پر صومالیہ میں الشباب نامی تنظیم کے تربیتی کیمپ میں دہشت گرد حملوں سے متعلق تربیت بھی حاصل کر چکا ہے۔واضح رہے کہ ڈنمارک کے صومالی نژاد اٹھارہ اور تئیس سالہ ان دونوں مشتبہ دہشت گرد بھائیوں کو پیر کے روز گرفتار کیاگیا تھا۔ ان میں سے ایک کو وسطی شہر آرہوس میں اس کی رہائش گاہ سے جبکہ دوسرے کو دارالحکومت کوپن ہیگن کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا۔ ڈنمارک کی انٹیلی جنس پولیس PET کے بیان کے مطابق یہ دونوں مشتبہ دہشت گرد گزشتہ سولہ سال سے ڈنمارک میں مقیم ہیں اور دونوں ہی ڈنمارک کے شہری بھی ہیں۔

مزید خبریں :