28 جنوری ، 2012
پشاور…تحریک متاثرین باڑہ کے چیئرمین شاہ فیصل آفریدی نے باڑہ متاثرین کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف 30جنوری کو گورنروٴس کے سامنے دھرنادینے کا اعلان کیاہے۔ پشاورمیں پریس کانفرنس سے خطاب میں تحریک کے چیئرمین شاہ فیصل آفریدی اوردیگرقبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ باڑہ میں 30 مہینوں سے کرفیونافذ ہے جس سے ہزاروں خاندان نقل مکانی پرمجبورہوچکے ہیں اورکاروبارزندگی مفلوج ہوگیاہے ،تعلیمی ادارے ،اسپتال بنداورسڑکیں اوررابطہ پل تباہ ہوگئے ہیں، نقل مکانی کرنے والوں کے مسائل ڈھائی سال گزرنے کے باوجود حل نہیں کئے گئے بلکہ ان سے انتقامی سلوک کیاجارہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جلوزئی آئی ڈی پیز کیمپ میں بھی انہیں سہولیات فراہم نہیں کی گئیں ان کا کہناتھا کہ باربارحکام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی لیکن کسی کے کان پرجوں تک نہیں رینگی۔ ان کا کہناتھا کہ متاثرین کے صبرکا پیمانہ لبریزہوچکاہے اس لئے اپنے حقوق کے لئے اب 30جنوری کو گورنرہاوٴس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیاجائیگا۔