15 جنوری ، 2016
نیویارک .........زلزلہ پیما ماہرین نے ایک ایسے تباہ کن زلزلے کی پیش گوئی کی ہے جو دنیا میں کہیں بھی اور کسی بھی وقت آ سکتا ہے،اس زلزلے کے باعث لاکھوں افراد کی جانیں جا سکتی ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلہ پیما ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ مہلک ترین زلزلہ کسی بھی وقت اور کہیں بھی آ سکتا ہے۔ اس زلزلے کا خطرہ ہر وقت منڈلا رہا ہے جو کئی لاکھ انسانوں کی جان لے سکتا ہے۔ زلزلہ پیما ماہرین نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ شمالی امریکا کی ویسٹ کوسٹ تباہ کن زلزلے کی زد میں ہے جو پورے امریکا کو دہلا سکتا ہے۔
رواں سال کی شروعات سے لے کر اب تک اس ریجن میں ایک ہزار سے زائد زلزلے محسوس کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں لاس اینجلس کوسٹ میں چار اعشاریہ سات ریکٹر اسکیل کا زلزلہ آیا تھا۔زلزلہ پیما ماہر ڈاکٹر راجر موسن کا کہنا ہے کہ کوئی بھی اس بات کی پیشگوئی نہیں کر سکتا کہ تباہ کن زلزلہ کب آئے گا تاہم اس کا آنا ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک زلزلہ پیما ماہر ہونے کی حیثیت سے آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ دنیا کے کس حصے میں کب زلزلےآئیگا۔ تباہ کن زلزلہ بغیر کسی وارننگ کے کبھی بھی اور کہیں بھی آ سکتا ہے۔ ڈاکٹر موسن کا کہنا ہے کہ نیپال اور ایران دنیا کے خطرناک ممالک ہیں جہاں تباہ کن زلزلے آنے کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔
ڈاکٹر موسن نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ نیویارک میں بھی مہلک ترین زلزلہ آنے کا خطرہ موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تباہ کن زلزلے سے ایسی بھیانک سونامی آنے کا خطرہ ہے جو 700 میل تک امریکا کے شمال مغربی علاقے کو بہا کر لے جائے گا۔
یونیورسٹی آف لندن کے ڈاکٹر مرہان کیشہی کا دعویٰ ہے کہ ایسا تباہ کن زلزلہ آنے کا خطرہ موجود ہے جو صرف امریکا میں رہنے والے 20 ملین افراد کی جانیں نگل لے گا۔ انھیں ڈر ہے کہ یہ زلزلہ اتنا خطرناک ہوگا کہ اس سے شمالی اور جنوبی امریکا علیحدہ ہو جائیں گے۔