کھیل
22 جنوری ، 2016

فیصلہ کن ٹی 20:پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ

فیصلہ کن ٹی 20:پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ

  ویلنگٹن......ٹی20سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان نے دوتبدیلیاں کی ہیں، عمرگل اور صہیب مقصود کی جگہ انور علی اور محمد رضوان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ موجودہ کنڈیشنز میں انور علی سے اچھے کھیل کی امید ہے اور اسی وجہ سے انہیں آج موقع دیا ہے۔

تین میچوں کی یہ سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے،انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی 20 سیریزتین صفر سے وائٹ واش ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مسلسل دوسری سیریز میں شکست سے بچنے کے لئے کیویز کو آج ہر صورت شکست دینا ہوگی۔

دو ماہ بعد آئی سی سی ورلڈٹی 20 سے قبل گرین شرٹس کو اپنے حوصلے بلند کرنے کے لئے بھی سیریز جیتنا ضروری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

2010-11میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز میں دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستانی ٹیم ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں پہلی بار ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل رہی ہے تاہم اس میدان میں اس کی ون ڈے کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے اور وہ چار میں سے صرف ایک ون ڈے جیت سکی ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 16رنزسے شکست دی تھی جبکہ دوسراٹی20کیویز نے بآسانی 10وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میںگرین شرٹس چھٹے اور کیویز معمولی فرق سے ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے اور سیریز کا تیسرا میچ جیتنے والی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پر آجائے گی۔

مزید خبریں :