25 جنوری ، 2016
ویلنگٹن.....پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے ،کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ جلدی وکٹیں لینے کی کوشش کرینگے ،مکمل ٹیم پلان کے ساتھ گرائونڈ میں اتریں گے ۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں لگے زخموں سے چور شاہینوں نے ون ڈے سیریز میں کیویز پر جھپٹنے کےلیے خوب مشق کی ہے۔فارمیٹ بدلا،کپتان بدلا،ٹیم کمبی نیشن بھی بدل گیا ،امید ہے نتیجہ بھی بدلے گا،جیت کے عزم کے ساتھ گرین شرٹس نے تیاری کی ہے۔
تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کیلئے ٹیم میں احمد شہزاد ،صہیب مقصود اور انور علی کوکھیلایا گیا ہے،ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ ،بابر اعظم ،عماد وسیم ،سرفراز احمد،اظہر علی ،وہاب ریاض ،محمد عرفان اور محمد عامر بھی شامل ہیں۔جو ساڑھے 5برس بعد ایک روزہ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
ٹاس جیتنے کے بعد اظہرعلی کا کہناتھا کہ بطورکپتان نیوزی لینڈمیں کھیلنامشکل چیلنج ہوگا،ون ڈےسیریزمیں کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔
کیوی کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ ون ڈےسیریزٹی 20کےلحاظ سےمختلف گیم ہے، کنڈیشن بہترین ہے، اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔