25 جنوری ، 2016
ویلنگٹن ......نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ مقابلے میں پاکستان کی تباہ کن باولنگ کے باعث کیویز کے 6بلے باز صرف 99رنز پر پویلین لوٹ گئے ہیں،فاسٹ بالر انور علی نے ایک ہی اوور نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
ویلنگٹن کرکٹ گرائونڈ پر ہونے والے میچ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 23کے اسکور پر گری، جب محمد عرفان کی گیند پر11رنز بنانے والے مارٹن گپٹل بال وہاب ریاض کو تھما بیٹھے، کیویز کی دوسری وکٹ 25کے اسکور پر گری ،ساڑھے 5برس بعد ٹیم میں واپس آنیوالے محمد عامرکی گیند پر ٹام لیتھم وکٹوں کے پیچھے شکار ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی تیسری اور چوتھی وکٹ 70 کے اسکور پر گریں، جب 1 ہی اوور میں انور علی نے کپتان ولیم سن اور آل رائونڈر گرانٹ الییٹ کو کلین بولڈ کردیا ،کیوی کپتان نے اسکور میں 10رنز کا اضافہ کیا تھا ۔
میزبان ٹیم کی پانچویں 93 کے اسکور پر گری ،ان فارم بلے باز کورے اینڈرسن محمدعامر کی گیند پر 10رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ، 99کے اسکور پر چھٹی بھی محمدعامر کے حصے میں آئی ،انہوں نے 5رنز پر کھیل رہے لیوک رانچی کو آوٹ کیا ۔ پہلے میچ میں فاسٹ بالر انور علی نے 2 اور محمد عامر نےاب تک 3کیویز کو آوٹ کیا جبکہ ایک وکٹ محمدعرفان کے حصے میں آئی ہے۔