دنیا
01 جون ، 2012

ایران مسافر طیاروں سے شام کو اسلحہ اسمگلنگ کررہا ہے، جرمن ٹی وی

برلن…شام میں صدر بشارالاسد کو بچانے میں سرگرم ایرانی حکومت کے دمشق کو اسلحہ کی فراہمی کا ایک نیا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ جرمن ٹی وی ZDF نے مغربی سفارتی ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ تہران لبنان اور شام کو مسافر بردار طیاروں میں اسلحہ پہنچا رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں کہ ایرانی حکومت نے ایران ایئر لائن کے مسافر جہازوں میں اسلحہ و بارود لوڈ کرکے شام بھیجا، تاہم رپورٹ میں اسلحہ اور ہتھیاروں کی نوعیت کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ ایران کی سرکاری فضائی کمپنی کے کئی جہازوں کے ذریعے اسلحہ کی بڑی مقدار دمشق اور بیروت کو بھیجی گئی ہے۔ امکان یہ ظاہر کیا گیا ہے کہ تہران میں یہ اسلحہ پاسداران انقلاب کی نگرانی میں اعلیٰ حکام کی ہدایت پر بھیجا گیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ برس ترک حکام نے ایران سے شام جانے والے ایک طیارے کو اپنے ہاں اتار لیا تھا جس میں لوڈ کیا گیا اسلحہ انتظامیہ نے قبضے میں لے لیا تھا۔اس واقعے کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی تھی کہ تہران اپنے دیرینہ اتحادی بشارالاسد کی حکومت بچانے کے لیے دفاعی میدان میں ان کی مدد کر رہا ہے۔

مزید خبریں :