08 فروری ، 2016
کراچی.......کراچی ایئرپورٹ پر 2 فروری کو احتجاج کے دوران لا پتا ہونے والے پی آئی اے کے 4 ملازمین مل گئے۔ نامعلوم افراد چاروں ملازمین کو ناگن چورنگی پر چھوڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق رات گئے نا معلوم افراد پی آئی اے کے چاروں ملازمین کو ناگن چورنگی پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ملازمین میں ہدایت اللہ، منصور، ضمیر چانڈیو اور سیف اللہ شامل ہیں۔ یہ ملازمین 2 فروری کو اس وقت لا پتا ہو گئے تھے جب پی آئی اے ملازمین کراچی ایئرپورٹ پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔
پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کو ملازمین کی بازیابی کے لئے آج دوپہر تک کا الٹی میٹم دیا تھا، بصورت دیگر ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل تک مارچ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں ملازمین کو اپنے گھروں کو بھیجا جا چکا ہے، جبکہ اغوا کاروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی آج ملازمین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرے گی۔ توقع ہے جوائنٹ ایکشن کمیٹی اپنی نئی حکمت عملی کا بھی اعلان کرے گی۔