صحت و سائنس
10 فروری ، 2016

خیبر پختون خوا کے اسپتالوں میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان

خیبر پختون خوا کے اسپتالوں میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان

پشاور......ہیلتھ ایمپلائز کوآرڈی نیشن کونسل نے خیبر پختونخوا کے تمام اسپتالوں میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔کونسل کا کہنا ہے کہ لازمی سروسز ایکٹ واپس لینے اور مطالبات کی منظور ی تک احتجاج جاری رہے گا۔

لیڈی ریڈنگ خیبر ٹیچنگ اسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آج دوسرے روز بھی ہڑتال رہی،حکومت کا تو کچھ نہیں بگڑا لیکن مریضوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔

پشاور کے تین تدریسی اسپتالوں لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آج دوسرے روز بھی ہڑتال رہی۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں او پی ڈی جزوی طور پر کھلا رہا،کچھ ڈاکٹر مریضوں کا معائنہ کرتے رہے تاہم بیشتر ڈاکٹرز ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے،ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

ہیلتھ ایمپلائز کوآرڈی نیشن کونسل نے لازمی سروس ایکٹ واپس لینے اور تین نکاتی مطالبات کی منظوری تک صوبے بھر میں ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ہڑتالی ملازمیں سے اظہار یکجہتی کے لیے اے ین پی اور مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے احتجاجی کیمپ کے دورے کئے۔انہوں نے تنازع کو طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں :