04 جون ، 2012
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے کوہستا ن میں جرگے کی جانب سے دو لڑکوں اور پانچ لڑکیوں کوقتل کرنے کا حکم جاری کرنے سے متعلق خبر کا نوٹس لے لیا ہے۔عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار نے ہمیں نوٹ بھیجا ہے۔ انہوں نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ پتا کر کے بتائیں کے لڑکیوں کا کیا معاملہ ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل کوہستان میں شادی کی ایک تقریب منظر عام پر آئی جس میں دو لڑکوں کو رقص کرتے ہوئے اور چار خواتین کو تالیاں بجاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ خبریں آئیں کہ ایک مقامی جرگے نے ان خواتین اور لڑکوں کو موت کی سزا سنائی، جس پر لڑکے فرار ہوگئے جبکہ خواتین کے 30مئی کو قتل سے متعلق متضاد خبریں گردش کرنے لگیں۔ آج اصغر خان کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ معاملے کی تحقیقات کر کے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ عدالت بارہا یہ قرار دے چکی ہے کہ نجی جرگوں کی سزائیں غیر آئینی اور غیرقانونی ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ لڑکیوں کو 6جون کو عدالت میں پیش کیا جائے۔