06 جون ، 2012
اسلام آباد … ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہے جبکہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بھی گرد آلود آندھی کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں کے علاوہ پشاور، ڈی آئی خان، کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش ہوئی۔ ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، چکوال اور جہلم میں تیز ہواوٴں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جنوبی وزیرستان میں بھی موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر ژالہ باری ہوئی۔ پارا چنار اور مظفرآباد میں سب سے زیادہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گوجرانوالہ میں 5، اسلام آباد میں 4، جھنگ اور ڈی جی خان میں 3 جبکہ بہاولنگر اور بالاکوٹ میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی، تربت ملک کا گرم ترین علاقہ رہا، جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں 41، سکھر، نواب شاہ اور جیکب آباد میں 40 جبکہ حیدرآباد اور لاڑکانہ میں درجہ حرارت 39 سینٹی گریڈ رہا، اسلام آباد اور پشاور میں 37، لاہور میں 36، کراچی میں 34 اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 32 سینٹی گریڈ رہا۔