پاکستان
06 جون ، 2012

اضافی ٹیکس فوری واپس لیا جائے، آل بلوچستان سی این جی ایسوسی ایشن

کوئٹہ … آل بلوچستان سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر قیام الدین آغا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے وعدے اور پالیسی کے مطابق پیٹرول اور سی این جی کی قیمتوں میں 55 فیصد کی شرح قائم رکھنے کی ضمانت دے اور سی این جی پر اضافی ٹیکس فوری طور پر واپس لیا جائے۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن افتخار احمد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن اور آل بلوچستان سی این جی ایسو سی ایشن کی اپیل پر ملک بھر میں ہڑتال گزشتہ رات سے جاری ہے اس سلسلے میں بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشن نے غیر معینہ مدت کیلئے کاروبار بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاجی تحریک حکومت کی طرف سے آئندہ بجٹ میں سی این جی پر انتہائی غیر منصفانہ ٹیکس اور سی این جی کاروبار ختم کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کیخلاف شروع کی ہے۔ تمام سی این جی مالکان اس اضافے کو مسترد اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے فی الفور واپس لیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ بلوچستان سے نکلنے والی گیس پورے ملک میں تو سستی دی جائے اور بلوچستان کے سی این جی اسٹیشنز کو مہنگی فراہم کی جائے۔

مزید خبریں :