06 جون ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا کے اساتذہ کیلئے خوشخبری ہے کہ وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے اساتذہ کیلئے اپ گریڈ یشن اینڈ پروموشن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2012ء سے ہوگا۔ اپ گریڈیشن پالیسی کا اعلان وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے پشاور میں ایک کنونشن سے خطاب میں کیا۔ پالیسی کے تحت پرائمری سکول ٹیچر ز کو اسکیل 12، سی ٹی، ڈی یم اور پی ای ٹی کو اسکیل 15 دیا جائے گا۔ قاری کے گریڈ کو بھی بڑھا کر اسکیل 12 دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سبجیکٹ اسپیشلسٹ کو گریڈ 17 ملے گا اور وہ گریڈ 20 تک ترقی پا سکیں گے۔ پالیسی سے صوبے کے ایک لاکھ سے زیادہ اساتذہ مستفید ہوں گے۔ تقریب سے خطاب میں امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو معاشی اور ذہنی آسودگی سے ہمکنار کئے بغیر جہالت کے اندھیروں سے نکلنے کا عظیم مقصد حاصل نہیں ہو سکتا۔