14 مارچ ، 2016
کراچی........ایم کیو ایم کے سابق رکن سندھ اسمبلی رضاہارون بھی مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہو گئے ہیں، جبکہ مصطفیٰ کمال نے نے 23 مارچ کو اپنی نئی پارٹی کے نام رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا ہارون نے ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کیا اور ایم کیو ایم قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائدکی تقریر پر پابندی کیخلاف کوئی لاہور ہائی کورٹ نہیں جاتا کہ کہیں پابندی ہٹ ہی نہ جائے۔
رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کسی ایک شخص کو خوش کرنے کے لئے نہیں بنائی گئی تھی، ایم کیو ایم جاگیردارانہ اور وڈیرانہ سوچ کے خلاف جہاد کی سوچ پربنائی گئی تھی لیکن اب ایم کیو ایم ان وعدوں سےہٹ چکی ہے۔
رضا ہارون نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے لئے ہر جماعت نے اپنی بات منوائی لیکن ایم کیو ایم نے کچھ نہیں کیا اور وزیراعظم کو منتخب کرانے میں لگی رہی، کم از کم کوٹہ سسٹم کو ختم کرانے کے لئے ہی کوشش کرلی جاتی لیکن مہاجریت کو کوٹا سسٹم سے جوڑا گیا اور ہمارے مڈل کلاس لوگ سب اپر کلاس ہوگئے، بے شمار حکومتوں میں رہے لیکن قومی دھارے میں شامل نہیں ہوسکے۔
رضا ہارون کا مزید کہنا تھا کہ کبھی ’’را‘‘،کبھی نیٹو کی افواج ، کبھی یو این او کو بلاتے ہیں، خود کب پاکستان آئیں گے ،پاکستان کی کوئی اسمبلی ایسی نہیں ہےجہاں ان کیخلاف قرارداد منظور نہ ہوئی ہو، برطانیہ میں طارق میراور محمد انور کی گرفتاری پر ڈیوڈ کیمرون کی رہائشگاہ پرمظاہرہ کیوں نہیں کیا جاتا؟
رضا ہارون کے بعد مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے قافلے میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی تعداد 4 ہو گئی ہے، رضا ہارون کی شمولیت کے موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہاکہ وہ کسی کوتوڑنے نہیں بلکہ جوڑنے آئے ہیں، 23 مارچ کو پارٹی کے نام کا اعلان کریں گے ۔
واضح رہے کہ رضا ہارون ایم کیو ایم میں اہم ذمہ داریاں ادا کرنے کے علاوہ رابطہ کمیٹی میں بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ ایم کیو ایم کی جانب سے بحیثیت رکن سندھ اسمبلی بھی خدمات انجام دے چکے ہیںجبکہ اس سے قبل وسیم آفتاب ،رکن اسمبلی افتخار عالم،ڈاکٹر صغیر بھی مصطفیٰ کمال کے قافلے سے جڑ چکے ہیں۔