07 جون ، 2012
لاہور … لاہور کے سروسز اسپتال کے بچہ وارڈ کی نرسری میں آتشزدگی میں زخمی ہونے والے مزید 4 بچے اسپتال میں دوران علاج چل بسے، جاں بحق بچوں کی تعداد 7 ہوگئی ۔ جبکہ جھلس کر زخمی ہونے والے 12 سے زائد نو مولود بچوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ لاہور کے سروسز اسپتال کی نرسری میں بچوں کو پیدائش کے فوراً بعد رکھا جاتا تھا۔ لیکن آج زندگی کی یہ نرسری موت کا وارڈ بن گئی۔ اس نرسری کے قریب کہیں آگ لگی تو جو جان بچا سکتا تھا اپنی جان بچا گیا۔ نرسری میں صرف نوزائیدہ بچے رہ گئے جو رو تو سکتے تھے لیکن کہیں بھاگ کر جا نہیں سکتے تھے۔ ان کی حفاظت پر مامور نرسوں نے بھی اپنی جان بچانا زیادہ مقدم سمجھا، نتیجہ یہ نکلا کہ پھول جیسے بچے آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ جب عملہ اور ان بچوں کے والدین آگ بجھنے کے بعد نرسری میں پہنچے تو 3 بچے آگ اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو چکے تھے، جبکہ ایک درجن سے زائد بچے بری طرح متاثر ہوئے تھے، جن میں 4 بچے دوران علاج چل بسے اب جاں بحق بچوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کہتی ہے آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ گورنر پنجاب نے سیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔