21 مارچ ، 2016
کراچی......پاک بحریہ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مینگرووز اگائو مہم کا آغاز کردیا گیا، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ کا کہنا ہے کہ مینگرووز کے جنگلات کا کٹاؤ ہمارے ساحلی علاقوں کی سمندری حیات اورمقامی آبادی کے روزگار کو متاثر کرتا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ’مینگرووز اُگاؤ مہم‘ وزیر اعظم کے ’سر سبز پاکستان‘ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کی کاوش ہے، مہم کا باقاعدہ افتتاح پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے کیا ۔
اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف کاکہنا تھاکہ مینگرووز کے کٹاؤسے ہمارے ساحلی علاقوں کی سمندری حیات اورمقامی آبادی کا روزگار متاثر ہورہا ہے۔
ایڈمرل ذکاءاللہ کا کہنا تھا کہ معاشرے کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کی اس جانب مکمل توجہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان نیوی کی ’مینگرووز اُگاؤ مہم‘ مینگرووز کی تعداد بڑھانے اوران کی اہمیت کواُجاگر کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔