23 مارچ ، 2016
کراچی.....رفیق مانگٹ.....عمران خان کے بڑے بیٹے سلیمان عیسیٰ خان نے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔
برطانوی اخبار’اسٹینڈرڈ ‘ کے مطابق عمران خان کے بڑے بیٹے سلیمان سیاست میں آ گئے، سلیمان عیسیٰ خان نے اپنے ماموں زیک گولڈ اسمتھ کی انتخابی مہم میں حصہ لینا شروع کردیا ہے۔
اخبار عمران خان کےبیٹے کےلئے تعریفی انداز اپناتے ہوئے لکھتا ہے کہ لندن کے میئر کے لئےجاری انتخابی مہم میں ایک نوجوان چہرہ بہت نمایا ں ہے۔ دراز قد اور خوبصورت شخصیت کا مالک ،بہت پیارا مگر قدرے سنجیدہ چہرہ ابھی اٹھارہ سال کی عمر کو پہنچا ہے اس کا تعلق بااثراورانتہائی دولتمندگھرانے سے ہے۔
سلیمان عیسیٰ خان زیک گولڈاسمتھ کا بھانجا اور اس کی بہن جمائما خان کا بیٹا ہے، اس کی بڑی پہچان یہ بھی ہے کہ وہ پاکستانی سیاستدان عمران خان کے بیٹے ہیں۔
اخبار کے مطابق سلیمان ٹوری میئر مہم کی یوتھ ونگ میں بہت نمایاں ہیں، وہ انتخابی مہم میں لندن کی گلیوں میں دروازوں پر دستک دیتا اور لیٹر باکس میں کتابچے ڈالتا دیکھا جاتاہے۔
ستمبر میں یونیورسٹی جانے سے قبل ٹوری کی طرف سے نامزدمیئر کے امیدوار کی مہم پر وہ اپنے پہلے سیاسی کئیر ئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔سلیمان اپنے ماموں کےبہت قریب ہیں ، دونوں دلکش اور شائستہ، ذہین اور مطالعہ کے شوقین ہیں۔سلیمان اپنے ماموں کو پارلیمنٹ کا ممبر دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ لندن میئر کے انتخابات5مئی 2016کو ہونے جارہے ہیں ،اسی دن لند ن اسمبلی کے انتخابات بھی ہیں۔