09 جون ، 2012
واشنگٹن … امریکا نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان دیسی ساختہ بموں کے مسئلے پر کام کرنے والے امریکی اہلکاروں کو ویزے دینے میں تاخیر کررہا ہے۔ سینیٹر رابرٹ کیسی کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پاکستان کا احتساب کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکا کے گورنمنٹ اکاوٴنٹی بلیٹی آفس کی ایک رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان بم بنانے کے سامان کی افغانستان اسمگلنگ روکنے کیلئے امریکی کوششوں میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اْن امریکی اہل کاروں کو ویزے دینے میں تاخیر کی جارہی ہے جو دیسی ساختہ بموں کے مسئلے پر پاکستان کی معاونت کررہے ہیں، اس کے ساتھ پاکستان کو آلات کی فراہمی میں بھی مسائل در پیش ہیں۔ سینیٹر رابرٹ کیسی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ یہ صورتحال افسوسناک ہے، دیسی ساختہ بموں کیخلاف امریکا کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈالنے پر پاکستان کے احتساب کی ضرورت ہے۔ رابرٹ کیسی نے امریکی حکام کو ویزے دینے میں تاخیر کے اثرات پر گورنمنٹ اکاوٴنٹی بلیٹی آفس کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔