پاکستان
09 جون ، 2012

ڈیرہ غازی خان: بارڈر لیویز فورس کے اہلکاروں کی 5 خواتین سے زیادتی

ڈیرہ غازی خان: بارڈر لیویز فورس کے اہلکاروں کی 5 خواتین سے زیادتی

ڈیرہ غازی خان … ڈیرہ غازی خان کے علاقے فورٹ منرو میں بارڈر لیویز فورس کے اہلکاروں نے 5 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا اور فرار ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فورٹ منرو تھانے میں 5 خواتین کے ساتھ زیادتی کا نوٹس لے لیا اور تھانے کے ایس ایچ او سمیت پورے عملے کو معطل کردیا گیا ہے۔ لاہور سے 5 لڑکیاں گھومنے پھرنے کیلئے ڈیرہ غازی خان میں اپنے رشتے دار آصف عمران کے گھر آئی تھیں، فورٹ منرو میں سیر و تفریح کے دوران بارڈر لیویز فورس کے اہل کار انہیں چیکنگ کے بہانے فورٹ منرو تھانے لے گئے اور پانچوں لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بارڈر لیویز فورس ڈیرہ غازی خان کے سینئر کمانڈنٹ اور ڈی سی او افتخار علی سہو نے جیو نیوز سے گفتگو میں واقعے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارڈر لیویز فورس کے 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد نے لڑکیوں سے تھانے میں زیادتی کی۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ڈی سی او نے آصف عمران کو لڑکیوں کا دوست قرار دیا جبکہ لڑکیوں اور آصف عمران کا موٴقف ہے کہ وہ سب آپس میں رشتے دار ہیں اور ان میں سے ایک لڑکی آصف کی منگیتر بھی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان طارق محمود سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ لڑکیوں کو طبی معائنے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی سی او نے تھانہ فورٹ منرو کے ایس ایچ او محمد نواز سمیت پورے عملے کو معطل کردیا ہے۔

مزید خبریں :