06 جون ، 2016
فاسٹ باؤلر محمد عامر کے ویزے کا انتظار پی سی بی کے لیے طویل ہوتا جا رہا ہے ۔ پی سی بی کے عہدیدار سمجھتے ہیں کہ بظاہر محمد عامر کو ویزہ مل چکا ہے ۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ محمد عامر چھ برس بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں ۔ دورہ انگلینڈ کے لیئے سترہ رکنی اسکواڈ میں محمد عامر کی شمولیت ویزے سے مشروط ہے ۔
محمد عامر کا ویزہ 20 مئی کو اپلائی کیا گیا لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ پیر کو اگر ویزہ نہیں ملتا تو خود ای سی بی اور اسلام آباد میں ہائی کمشنر سے رابطہ کریں گے ۔
پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ تمام تر دستاویزات کے ساتھ محمد عامر کا ویزہ اپلائی کیا گیا لیکن 20 مئی کے بعد سے اب تک کوئی نئی دستاویز یاکوئی لیٹر نہیں مانگا گیا اور نہ ہی کوئی اعتراض اٹھایا گیا ہے اس سے بظاہر لگتا ہے کہ محمد عامر کو ویزہ مل چکاہے بس اب رسمی کارروائی ہونا باقی ہے