09 جون ، 2012
کراچی … کراچی چیمبر آف کامرس کے ارکان اور تاجر تنظیموں کے رہنماوٴں کے 80 رکنی وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور بھتا مافیاکی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر عدم تحفظ کا اظہار کیا۔ سراج قاسم تیلی کی قیادت میں صنعت کاروں، تاجروں اور کاروباری برادری کے 80 رکنی وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں، صنعت کاروں، کاروباری افراد اور دکانداروں کو بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں اور دھمکی آمیز فون آرہے ہیں،جن میں ان سے بھاری رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ وفد نے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد دن دہاڑے دندناتے ہوئے مارکیٹوں میں آتے ہیں اور بھتا نہ دینے پرتاجروں کو نشانہ بناتے ہیں اور باآسانی فرار ہوجا تے ہیں جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انہیں روکنے میں ناکام ہیں۔