کاروبار
14 جون ، 2016

خیبرپختونخوا کا 496ارب روپے کا بجٹ آج پیش ہوگا

خیبرپختونخوا کا 496ارب روپے کا بجٹ آج پیش ہوگا

 


خیبرپختون خوا کے آیندہ مالی سال کا496ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 161ارب روپےمختص کیے گئے ہیں۔ بلدیاتی اداروں کو 33ارب 90کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں دس فیصد اضافے کی تجویز ہے۔


خیبرپختون خوا کا بجٹ وزیر خزانہ مظفر سید پیش کریں گے۔محکمہ خزانہ ذرائع کےمطابق آیندہ مالی سال کےبجٹ کا حجم 4کھرب 96ارب سے زیادہ ہوگا۔


آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے ایک کھرب 61ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں 36ارب روپے کی غیرملکی امداد بھی شامل ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اکیس فیصد فنڈز بلدیاتی اداروں کو دیے جائیں گے ۔


صحت کی 93اسکیموں کے لیے 17ارب 47کروڑ 90لاکھ روپے مختص ،تعلیم کے 72منصوبوں کے لیے 16ارب 91کروڑ 50لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔


صوبائی حکومت سوات ایکسپریس وے منصوبہ شروع کررہی ہے جس کے لیے تین ارب 70کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔صوبہ میں کنٹینر اسکولوں کی تعمیر کے لیے 1 ارب روپے جبکہ غریبوں کے لیے ہیلتھ انشورنش پروگرام کے لیے دو ارب سے زیادہ روپے رکھے جائیں گے۔


گومل زام ڈیم توسیعی پراجیکٹ کے لئے 40 کروڑروپے اور صوبہ میں 50 ہزار ایکڑ اراضی کوقابل کاشت بنانے کے لئے 2 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ صوبہ میں 300 ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کیا جائے گا۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں دس فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

مزید خبریں :