21 جون ، 2016
رحیم یار خان میں پولیس نے دریائے سندھ میں جان جوکھوں میں ڈال کر پانچ بڑے گینگ کے 82 ملزمان گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کیا ہے ۔
قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے بعد چھوٹو گینگ کی باقیات کا قلع قمع کرنے کے لئے ڈی پی او ذیشان اصغر کی قیادت میں پولیس کا کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران پانچ بڑے گینگ کے 82 سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ تین ماہ کے دوران 2504 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران دھوپ اورگرمی میں جوانوں کو گھنے جنگل، دریائی جزیرے، دشوار راستے اور مورچہ بند ڈاکوؤں سے لڑائی میں مشکلات کاسامنا رہا۔
ڈاکوؤں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے آپریشن آخری مراحل میں ہے اور جرائیم پیشہ عناصر کی کمین گاہوں پر پولیس چوکیاں بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے جس سے نقل مکانی کرنے والے کاشتکار واپس آگئے ہیں۔