پاکستان
21 جون ، 2016

امن وامان اجلاس، کراچی آپریشن تیز کرنے پر اتفاق

امن وامان اجلاس، کراچی آپریشن تیز کرنے پر اتفاق

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کے مبینہ اغوا سے متعلق معاملے پر اعلیٰ حکام سرجوڑ کربیٹھ گئے۔ وزیراعلیٰ کا واقعے پر اظہار برہمی، امن وامان کے اجلاس میں کئی سوالات اٹھادیے۔ پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کو ہر تین گھنٹے بعد پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔یہی نہیں اجلاس میں کراچی آپریشن تیز کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔


وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس علی شاہ کی بازیابی سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔ ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور انٹیلی جنس اداروں نےاجلاس کو بریفنگ دی۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کیا یہ اغوا برائے تاوان کی واردات ہے؟ کیا دہشتگرد عدالتوں پر اثر انداز ہوناچاہتے ہیں؟ جو بھی عوامل ہیں ہر طرح سے تحقیقات کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے کی پیشرفت رپورٹ ہر تین گھنٹے میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیکیورٹی پر بھی غور کیا گیا اورنئی حکمت علی تیار کرنیکی ہدایت کی گئی۔


دوسری جانب سابق صدرآصف علی زرداری نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال سےٹیلیفون پر رابطہ کیا اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے لاپتہ ہونے والے صاحبزادے کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چیف جسٹس کے صاحبزادے کی بحفاظت بازیابی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔


 

مزید خبریں :